لاہور ( این این آئی)وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ پیشہ ور سپہ سالار ہیں، سیدھی بات کرتے ہیں ان کے کام کی تعظیم کرنی چاہیے،نیب سب کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے،اگرملک میں شفاف احتساب کا نظام آگے بڑھانے میں کامیاب ہوگئے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی،ہمیں جھوٹ اور الزامات کی سیاست سے گریز کرنا چاہیے، اللہ کرے الیکشن وقت پر اور صاف شفاف ہوں ۔
اورنج لائن پر کرپشن کا رونا دھونا قوم کو گمراہ کرنے کی سازش ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، موقع ملا تو سندھ اور خیبرپختونخوا میں اسپتالوں کی بہتری کے لیے بھی کام کریں گے، دونوں صوبوں کو پنجاب کے ہم پلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں علاج کے حوالے سے ہر ممکن سہولت دستیاب ہے، پنجاب میں عام اور خاص مریضوں کے لیے ادویات کی فراہمی یقینی بنادی ہے، پنجاب کے کسی بھی اسپتال میں ادویات کی کمی نہیں، میرا علاج بیرون ملک شروع ہوا تھا اس لیے مجھے جاناپڑتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ باجوہ ڈاکٹرائن کے بارے میں بہت کچھ لکھا جاچکا ہے، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ پیشہ ور سپہ سالار ہیں، ان سے ملاقات کی، وہ سیدھی بات کرتے ہیں اور وہ جو کام کررہے ہیں اس کی تعظیم کرنی چاہیے۔وزیراعلی پنجاب کاکہنا تھاکہ آج کل نیب بہت ایکٹو ہے، میں نیب میں پیش ہو چکا ہوں، اختلاف یہ ہے کہ نیب کرپشن کے ثابت شدہ کیسز پر بھی کام کرے، میری پارٹی ہی کیوں نہ ہو، اگر بدعنوانی ہے تو اسے سامنے لایاجائے، اگرملک میں شفاف احتساب کا نظام آگے بڑھانے میں کامیاب ہوگئے تو یہ بڑی کامیابی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے میں کرپشن کا رونا دھونا اس قوم کو غلط راہ پر لے جانے کی کوشش ہے، اورنج لائن بدقسمتی سے 22مہینے تاخیر کا شکار ہوئی، اس کی تاخیر کی وجہ پی ٹی آئی کا عدالت میں جانا تھا۔
شہبازشریف نے کہا کہ ہائیکورٹ کے 300صفحات کے فیصلے میں ایک لائن کرپشن کے حوالے سے نہیں، اورنج لائن پر پی ٹی آئی کے اب کرپشن کے الزامات تھوک کر چاٹنے کے مترادف ہے، اورنج لائن ٹرین کے منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے میں پی ٹی آئی پیش پیش تھی، پی ٹی آئی نے اس لیے رکاوٹیں ڈالیں کہ شہری سہولتوں سے فیض یاب نہ ہوں۔چوہدری نثار سے ملاقات کے سوال پر وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے اس میں خبروالی کوئی بات نہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اللہ کرے الیکشن وقت پر اور صاف شفاف ہوں، ہمیں جھوٹ اور الزامات کی سیاست سے گریز کرنا چاہیے، بدقسمتی سیپی ٹی آئی نے ہڑتالوں اوردھرنوں کا کلچر پیداکردیا ہے۔



















































