اسلام آباد (این این آئی)پنجاب اسمبلی کے تین اراکین نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔ رہنماؤں نے تحریک انصاف کی قیادت اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف قوم کی امیدوں کا محور و مرکز بن چکی ہے۔جاری بیان کے مطابق شہاب الدین سیہڑ، احسن فتیانہ اور احمد شاہ کھگہ نے منگل کو عمران خان سے ملاقات کی اورپی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں تبدیلی کی بنیاد رکھی ہے۔پنجاب کے عوام استحصال اورکرپشن سے عاجز آچکے ہیں۔
اراکین پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف پنجاب کی واحد اکثیریتی جماعت بن کر ابھرے گی۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اراکین اسمبلی کی تحریک انصاف شمولیت کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایک خاندان کے ہاتھوں میں مرتکز وسائل چھڑوا کر عوام میں تقسیم کرنے کا وقت ہے۔قومی خزانے کو شیر مادر کی طرح برتنے والوں سے جواب طلبی ناگزیر ہے۔پنجاب کے عوام کو محروم رکھ کر بیرون ملک تجوریاں بننے والوں کا محاسبہ وقت کا تقاضا ہے۔قوم کی لوٹی گئی دولت واگزار کروا کر ہی دم لیں گے۔نظام حکومت کی اصلاح اور عوام کی بہبود پر بھرپور محنت کریں گے۔