اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ترک فوج کی ممکنہ طور پر شمالی شام کے کرد اکثریتی علاقے منبج آمد کے پیش نظر امریکی فوج نے دفاعی تیاریاں تیز کر دیں، تمام فوجی کیمپوں اور چوکیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم ، شہر میں اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق شمالی شام کے کرد اکثریتی علاقے منبج میں ترک فوج کی ممکنہ آمد کے پیش نظر وہاں تعینات امریکی فوج کو
الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد امریکی فوج نے دفاعی تیاریاں تیز کر دی ہیں جبکہ ساتھ ہی شہر میں اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ منبج میں تعینات امریکی فوجیوں کو آرمرڈ گاڑیاں اور بھاری ہتھیار پہنچا دئیے گئے ہیں ۔ خیال رہے کہ منبج میں امریکی فوج کی طرف سے یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں ترکی نے عفرین شہر کے بعد منبج میں بھی فوج داخل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ عفرین میں ترکی نے جنوری میں شاخ زیتون کے عنوان سے کرد جنگجوئوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔عفرین کے برعکس منبج میں امریکی فوجی اڈہ اور امریکی فوجیوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے جو ترک فوج کے لیے ایک مسئلہ بن سکتی ہے۔بدھ کے روز ترکی کی قومی سلامتی کمیٹی نے کہا تھا کہ اگر منبج سے کرد عسکریت پسند نکل نہیں جاتے تو ترک فوج کو اس شہر میں داخل ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے بھی دھمکی دی تھی کہ وہ شام میں کردوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن کو مزید وسعت دیں گے اور عفرین کے بعد دوسرے شامی شہروں میں بھی فوج داخل کی جائے گی۔واضح رہے کہ امریکہ شام میں کردوں کی حمایت کر رہا ہے جبکہ ترکی کا الزام ہے کہ کرد ترکی کے سرحدی علاقوں میں مزاحمت اور علیحدگی کی تحریک چلا کر ترکی کے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں۔