اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماو رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں موجود موٹے چوہوں سے خوف آتا ہے، کسی دن خبر شائع ہو گی کہ رات کسی رکن اسمبلی کو چوہانگل گیا۔یہ بات انہوں نے پیر کو پبلک اکاؤنٹس کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز کی مرمت کے حوالے سے سی ڈی اے حکام نے بریفنگ دی
جس پر میاں عبدالمنان نے کہا کہ سی ڈی اے پارلیمنٹ لاجز میں موجود چوہوں پر قابو پانے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے،سیوریج نظام بہتر نہ ہونے کے باعث چوہوں کاپارلیمنٹ لاجز میں آنا جانا لگا ہوا ہے، ان کے داخلے پر پابندی لگائی جائے، جس پر سی ڈی حکام نے کہا کہ چوہوں کو پکڑنے کیلئے جگہ جگہ پنجرے رکھے گئے ہیں، اس پر کمیٹی میں موجود سینئر آڈٹ حکام نے ازراہ مذاق کہا کہ یہ چوہے سیاہنے ہو گئے ہیں اب یہ آپ کے پنجروں میں نہیں پھنسیں گے، جس پر میاں عبدالمنان نے کہا کہ ان چوہوں کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں یہ نہ ہو کہ کسی دن خبر شائع ہو کہ رات کو موٹا چوہا پارلیمنٹ میں رکن اسمبلی کو نگل گیا۔