لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی نامزدگی کا تین نکاتی فارمولہ ترتیب دیدیا ہے جس کے تحت تحریک انصاف نے صرف مضبوط امیدواروں کو ہی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی نے ملک بھر کے انتخابی حلقوں میں زیادہ سے زیادہ اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ،عمران خان ٹکٹوں کے فیصلے پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے ذریعے خود کریں گے جس کے باعث کوئی رہنما ٹکٹ فروخت نہیں کرسکے گا،
امیدواروں کا کوئی خاص کوٹہ نہیں ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے صرف مضبوط امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا جائے گا، اس امیدوار کو فوقیت دی جائے گی جو مالی اعتبار سے مستحکم ، الیکشن لڑنے کے طریق کار پر عبور رکھتا ہو اور حلقے کے عوام میں مقبول ہو۔دریں اثناء تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن ٹکٹوں کے فیصلے پارلیمانی بورڈ کے ذریعے خود کروں گا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں الیکشن کے لیے امیدواروں کے چناؤ کا طریقہ کاربنانے پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے تحریک انصاف کے فاٹ اسمیت تمام صوبوں کے پارلیمانی بورڈز تشکیل دے دیئے ہیں جن میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسد عمر کو پارلیمانی بورڈز کا مستقل ممبر رکھا گیا ۔دوسری جانب عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ الیکشن ٹکٹوں کے فیصلے پارلیمانی بورڈ کے ذریعے خود کروں گا اور اس مرتبہ پارٹی کاکوئی ٹکٹ فروخت نہیں کرسکے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کوئی خاص کوٹہ نہیں ہوگا ٗ مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتار جائے گا، پی ٹی آئی سب سے زیادہ انتخابی حلقوں میں امیدوار کھڑے کریگی۔