چنیوٹ(این این آئی)پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بتائیں کہ وہ چیف جسٹس کے پاس کیا لینے گئے تھے۔پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر سید حسن مرتضیٰ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کے دوران قمر زمان کائرہ نے حال ہی میں چیف جسٹس اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات پر سوال اٹھائے اور کہا کہ وزیراعظم بتائیں وہ چیف جسٹس کے پاس کیا لینے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون چیف جسٹس اور وزیر اعظم کے درمیان ملاقات اجازت نہیں دیتا اور ہم اس ملاقات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ سے متعلق بیان پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ وزیراعظم سینیٹ کو بے تقدس نہ کریں، وزیراعظم پہلے عدلیہ اور اب سینٹ پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سینیٹ میں ووٹوں کی خریداری اور سینیٹ کی توہین کرنے والے وزیراعظم آج قومی اسمبلی کے ووٹوں کی خریداری میں مصروف ہیں جبکہ چند مخصوص گروہوں کی جانب سے پیپلز پارٹی پر بہتان بازی کی جارہی ہے۔ تحریک انصاف کے ساتھ سیاسی گٹھ جوڑ سے متعلق سوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جمہوری روایات میں ہے کہ الیکشن کے بعد سیاسی جماعتیں مل کر حکومت بنا سکتی ہیں۔قمر زمان کائرہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر بھی شدید تنقید کی اور کہا کہ نواز شریف ملک کا سیاسی نظام لپیٹنا چاہتے ہیں ٗمیاں صاحب جائیداد رکھنے کا الزام آپ پر نہیں بلکہ آپ کی اولاد پر ہے۔