اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پسندکی شادی کا تنازعہ، بیٹی نے سگے باپ کو قتل کر ڈالا۔ تفصیلات کے لاہور میں قتل کی لرزہ خیز واردات کا ڈراپ سین ہو گیا ہے اور بیٹی نے سگے باپ کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن کے علاقے موچی پورہ میں رہائش پذیر 65 سالہ پرویز اقبال26فروری کو پراسرار طور پر مردہ پایا گیا۔ پرویز اقبال کے اہل خانہ کی جانب سے
اس کی موت کو اتفاقی قرار دیا گیا تھا تاہم اب ایک ماہ کی تفتیش کے بعد پرویز اقبال کی موت قتل ثابت ہو گئی ہے اور پولیس نےتحقیقات کے دوران جب مقتول کی بیٹی سے تفتیش کی تو اس نے سگے باپ کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ والٹن روڈ کے رہائشی حسنین اکبر سے پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی مگر اس کا باپ پرویز اقبال رضامند نہیں تھا۔والد کی مخالفت پر اس نے اپنے آشنا کے ساتھ ملکر باپ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایااور وقوعہ کے روز اس نے اپنے والد کو نشہ آور گولیاں بڑی تعداد میں دیں تاہم وہ ان سے نہیں مرا جس پر اس نے اپنے آشنا کیساتھ مل کر اپنےو الد کے سر پر لوہے کے راڈ مار مار کر اسے قتل کر دیا جبکہ بعدازاں والد کے سر پر مرہم پٹی کر دی اور مشہور کیا کہ والد کو چوٹ حادثاتی طور پر لگی ۔ سگے باپ کو قتل کرنے والی عائشہ نے اپنے اعترافی بیان میں شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے معافی بھی طلب کی ہے۔دوسری جانب قتل کی اس واردات کے دوسرے کردار لڑکی کے آشنا کے حوالے سے کوئی اطلاعات موصول نہیں ہو سکی ہیں کہ آیا پولیس نے اس کو گرفتار کیا ہے کہ نہیں جبکہ لڑکی کے اہل خانہ کی جانب سے بھی مکمل خاموشی اختیار کر لی گئی ہے۔ پرویز اقبال کی موت پر اہل علاقہ بھی افسردہ ہیں جبکہ لوگوں نے بیٹی کی جانب سے باپ کیساتھ اس وحشیانہ سلوک پر غم و غصے کا اظہار بھی کیا ہے۔