واشنگٹن/ماسکو(این این آئی)روس کی جانب سے 60 سفارتکار نکالنے اور قونصل خانہ بند کرنے کے اعلان پر امریکا اشتعال میں آ گیا اور روس کے خلاف مزید اقدامات کی دھمکی دے دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر جان ہنٹس مین کو وزارت خارجہ طلب کر کے نوٹس جاری کیا گیا اور ساٹھ امریکی سفارت کاروں کو بے دخل کرنے اور سینٹ پیٹرز برگ میں
امریکی قونصل خانہ بند کرنے کے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ واشنگٹن روسی فیصلے کے نتیجے میں اس کے خلاف مزید اقدامات اٹھا سکتا ہے۔ترجمان محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ روسی فیصلے کا کوئی جواز نہیں اور ماسکو اپنے آپ کو مظلوم ظاہر نہ کرے کیونکہ امریکا نے جو بھی قدم اٹھایا وہ لندن میں گیس حملے کے جواب میں تھا۔