نئی دہلی(آئی این پی)بھارت کی راشٹریہ جنتا دل پارٹی کے صدر لالو پرساد نے کہا ہے کہ ملک اور جمہوریت خطرے میں ہیں، فرقہ وارانہ فساد اور تشدد میں اضافہ ہو رہا ہے، شر پسند عناصر من مانیوں میں مصروف ہیں لگام ڈالنے والا کوئی نہیں، بھاجپا کے خلاف مہا گٹھ بندھن اور اپوزیشن کا اتحاد ضروری ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو علاج کیلئے دہلی لائے گئے ہیں۔
چارہ گھوٹالہ کیس میں سزا کے بعد وہ جھار کھنڈ کی رانچی جیل میں قید تھے۔انہیں علاج کیلئے دہلی بذریعہ ٹرین لایا گیا۔ ٹرین میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے لالو پرساد نے کہا کہ بھاجپا کے خلاف مہا گٹھ بندھن اور اپوزیشن کا اتحاد ضروری ہے۔ لالو نے ممتا بنر جی کی تیسرے مورچے کیلئے پہل کی تعریف کی لیکن ابھی یہ طے نہیں ہوسکا کہ اس کی قیادت کون کریگا؟کانگریس صدر راہول گاندھی یا کوئی اور سربراہی کریگا تاہم اس پر غور و خوض جاری ہے۔بھاجپا والے ذرائع ابلاغ سے جو باتیں کرتے ہیں وہ سب فضول اور بے معنی ہیں۔میں نے اپنی ریلی میں کہا تھا کہ ملک اور آئین خطرے میں ہے، اس کی حفاظت کیلئے عوام اور اپوزیشن جماعتیں متحد ہوجائیں۔بہار کے حالات انتہائی خراب ہیں۔ نتیش حکومت من مانی کررہی ہے۔فرقہ وارانہ فسادات اور تشدد کے واقعات روز بروز بڑھتے جارہے ہیں۔ شرپسندعناصر کو لگام لگانے والا کوئی نظر نہیں آرہا۔ امن و امان کا ماحول ابتر ہوچکا ہے۔ بھاجپا نے ہر جگہ آگ لگا رکھی ہے۔