ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے جمعرات کی شب یمن سے حوثی ملیشیا کے جازان کی جانب داغے گئے ایک اور بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں ناکارہ بنا دیا ہے اور اس کو کسی ہدف پر گرنے سے قبل ہی تباہ کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی ا لمالکی نے ایک بیان میں بتایا کہ سعودی شاہی فضائیہ نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو ناکارہ بنایا ۔
یہ میزائل یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے علاقے سے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کی جانب داغا گیا تھا اور اس سے جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔انھوں نے کہاکہ حوثیوں کا یہ جارحانہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی رجیم نے ان کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد وں 2216 اور 2231کی صریح خلاف ورز ی کا مرتکب ہور ہا ہے۔اس کے مہیا کردہ ان ہتھیاروں سے سعودی عرب کے علاوہ خطے کی سلامتی کے لیے بھی خطرات پیدا ہوچکے ہیں ۔کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ یمنی حوثی بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے گنجان آباد شہروں اور دیہات کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں اور یہ بین الاقوامی انسانی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔یمنی حوثیوں کی اس جارحانہ اشتعال انگیزی سے ایک روز قبل ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ان کے سعودی عرب کی جانب میزائل حملوں کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ ان بیلسٹک میزائلوں سے پورے خطے کی سلامتی خطرے سے دوچار ہوگئی ہے۔