اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) اسمارٹ فون، اسمارٹ واچ، اسمارٹ آئیز کے بعد اب ایسی اسمارٹ بلٹ یعنی گولی بھی تیار کرلی گئی ہے جو اپنے ٹارگٹ کو خود ہی تلاش کرکے اسے شکار کرے گی۔یوں تو امریکی فوج پہلے ہی دنیا کے جدید ترین اور مہلک ہتھیاروں سے لیس ہے اور روز بروز ہلکے اور جدید ہتھیار اس کا حصہ بن رہے ہیں اور اب امریکی فوج کے سائنسدانوں نے ایسی اسمارٹ بلٹ تیار کرلی ہے جو حرکت کرتے ہوئے ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کے لیے ہوا میں ہی اپنی سمت تبدیل کر کے اسے مو ت کی نیند سلا سکے گی۔امریکی فوجی ادارے ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پروجیکٹ ایجنسی (ڈیپرا) نے اس اسمارٹ بلٹ کی تیاری کو اس سال کا بریک تھرو قرار دیتے ہوئے اسے 50. کیلیبر کا نام دیا ہے۔ ریسرچ پروجیکٹ ایجنسی کے مطابق گولی میں آپٹیکل سینسرز لگے ہیں جس کی مدد سے گولی اپنے ٹارگٹ کا پیچھا کرتے ہوئے اسے دبوچ لیتی ہے جب کہ تجربے کےد وران گولی نے حرکت کرتے اور رخ بدلتے شکار کو بھی اپنا نشانہ بنایا۔ ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ اچھے نشانہ باز نہ بھی ہوں تب بھی بس گولی فائرکریں اور یہ گولی از خود ہی اپنے ٹارگٹ کی طرف گامزن ہوجائے گی۔ریسرچ ایجنسی کے پروگرام مینیجر کا کہنا تھا کہ کبھی گولی کو اپنے ٹارگٹ کو تلاش کر کے مارنے کو ایک ناممکن کام سمجھا جاتا تھا لیکن اسے اب حقیقت کر رنگ دے دیا گیا ہے، آزمائشی فائر کے دوران گولی نے اپنے حرکت کرتے اوررخ بدلتے ٹارگٹ کو اتنی درستگی سے نشانہ بنایا کہ اتنی مہارت سے کوئی بڑے سے بڑا نشانہ باز بھی نشانہ نہیں بنا سکتا، اسمارٹ گولی شوٹر کو ہوا میں تیرتے اور انتہائی فاصلے پر موجود ٹارگٹ کو بھی نشانہ بنانے میں مدد کرے گی۔ڈیفنس ایڈوانسڈ ریسرچ پروجیکٹ ایجنسی کے مطابق اسمارٹ گولی کا آئیڈیا ایک کارٹون کردار سے لیا گیا ہے جس میں وہ ایک ایسی گولی سے بچنے کی کوشش کرتا ہے جو اسے ہر جگہ تلاش کرلیتی ہے۔