ریاض(این این آئی)دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار کیے جانے والے سعودی شہزادے ولید بن طلال نے کہاہے کہ انہیں سعودی حکومت سے معاہدے کے بعد رہائی ملی ہے اور ان کی فرم کنگڈم ہولڈنگ اپنے 13 ارب ڈالر کے اثاثے جلد سعودی عرب منتقل کرے گی۔ فرم کنگڈم ہولڈنگ اپنے 13 ارب ڈالر کے اثاثے جلد سعودی عرب منتقل کرے گی،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کنگڈم ہولڈنگز کے مالک شہزادہ ولید بن طلال نے ایک انٹرویومیں کہاکہ انہوں نے رہائی کے بدلے سعودی حکومت سے ایک معاہدہ کیا ہے۔
تاہم انہوں نے معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ حساس اور خفیہ ہے جو ان کے اور سعودی حکومت کے درمیان ہے اور وہ اس معاہدے کا احترام کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں شہزادہ طلال نے کہا کہ ان کے گلوبل انویسٹمنٹ فرم میں اب بھی95 فیصد حصص داری برقرار ہے۔شہزادہ طلال نے کہاکہ وہ سعودی عرب میں منصوبوں کے لیے شاہی دولت فنڈ سے مشترکہ سرمایہ کاری کے لیے رابطے میں ہیں اور ان کی کنگڈم ہولڈنگ اپنے 13 ارب ڈالر کے اثاثے سعودی عرب منتقل کرے گی۔واضح رہے کہ شہزادہ ولید بن طلال سعودی عرب میں کرپشن الزامات کے تحت تین ماہ تک نظر بند رہے، انہیں اس سال جنوری کے آخر میں رہائی نصیب ہوئی تھی۔