اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے کو کتنا خسارہ ہوا اور کتنے لوگوں کی ڈگریاں جعلی ہیں، یہ رپورٹ قومی اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے میں خسارے کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی ہیں، وزیر انچارج ہوا بازی ڈویژن نے تحریری جواب میں یہ بتایا ہے۔ اس جواب میں انہوں نے بتایا ہے کہ قومی ائیر لائن کو 2017ء میں 43 ارب 65 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا ہے، اس تحریری جواب میں انہوں نے بتایا کہ 2008ء میں بھی پی آئی اے
کو 39 ارب 98 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا اور 2009ء میں پی آئی اے کو 13 ارب 31 کروڑ کے خسارے کا سامنا ہوا تھا۔ انہوں نے اپنے جواب میں مزید کہا کہ 2010ء میں خسارہ 8 ارب 58 کروڑ روپے، 2011ء میں 28 ارب 3 کروڑ روپے رہا۔ جب اس معاملے پر بحث ہوئی تو نفیسہ شاہ نے کہا کہ اس ملک کے وزیراعظم جو سریا اور لوہا بناتے تھے اور بیرون ملک بھی بھیجتے تھے انہوں نے سٹیل مل بند کر دی، اب جو وزیراعظم ہیں ان کی اپنی ائیر لائن ہے اور اب وہ پی آئی اے بند کرانے کے درپے ہیں۔