ماسکو(این این آئی)روسی حکومت نے برطانوی وزیرخارجہ بوریس جانسن کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے روسی حکومت کو جرمن ڈکٹیٹر ایڈوولف ہٹلر کے ساتھ تشبیہ دی تھی۔عرب ٹی وی کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں رواں سال روس میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کو ہٹلر کی حکومت کی زیرنگرانی ہونے والے اولمپک کھیلوں کے مشابہ قرار دیا تھا
۔روسی حکومت نے برطانوی وزیرخارجہ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور ناقابل قبول قرار دیا۔روسی حکومت کے ترجمان دیمتری بسکوف نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی وزیرخارجہ کے الفاظ معزز ملک کے وزیرخارجہ کے الفاظ نہیں۔ ان کا بیان انتہائی شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ولادی میرپیوتن جرمنی کے ہٹلر نہیں ہیں۔