اسلام آباد(سی پی پی) پاکستان ایئر فورس کے نئے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی۔وفاقی دارالحکومت میں کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک فضائیہ کے سبکدوش ہونے والے ایئرچیف مارشل سہیل امان نے نئے ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کو کمان سونپی۔ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے پاکستان ایئر فورس کی جی ڈی پی برانچ میں 1983 میں کمیشن حاصل کیا تھا اور انہیں پی اے
ایف اکیڈمی اصغر خان سے اعزازی شمشیر ملی۔اس کے علاوہ ایئرمارشل مجاہد انور خان کو بیسٹ پائلٹ ٹرافی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈمیڈل بھی مل چکا ہے۔اس سے قبل وہ ٹیکٹیکل اٹیک ونگ کے فائٹر اسکاڈرن کے کمانڈنگ آفیسر، دو ایف 16 بیسز کے بیس کمانڈر اور ایئر آفیسر کمانڈنگ آف ریجنل ایئر کمانڈ کے عہدں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے چیف آف ایئر اسٹاف کے پرسنل اسٹاف آفیسر، اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف(آپریشنل)، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (آپریشنل)اور اسلام آباد کے ایئر ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل سی 4 آئی کے عہدے پر فائز رہے۔اس وقت وہ ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف(سپورٹ)اور ڈائریکٹر جنرل ایئر فورس اسٹریٹجک کمانڈ آف ایئر ہیڈکوارٹرز کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ایئرمارشل مجاہد انور خان فلائنگ انسٹرکٹر رہے ہیں جنہوں نے کومبٹ کمانڈرز اسکول، اردن کے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، ایئر وار کالج اور اسلام آباد کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے عسکری مہارت حاصل کی۔انہوں نے ٹریننگ طیاروں کے علاوہ جنگی طہاروں جن میں ایف 16، ایف 6، ایف ٹی 5، ٹی 37 اور ایم ایف آئی 17 شامل ہیں کو اڑایا ہے۔ان کی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں ہلال امتیاز (ملٹری)، ستارہ امتیاز (ملٹری)، اور تمغہ امتیاز (ملٹری)سے نوازا جا چکا ہے۔