دبئی(این این آئی)دبئی کے حکمراں شیخ محمدبن راشد آل مکتوم نے یورپی خاندان کی ریت میں دھنس جانے والی کار کو نکال کر بھرپورپذیرائی حاصل کی ہے ،غیرملکی خبررسا ں ادارے کے مطابق دبئی کے حکمراں شیخ محمدبن راشد آل مکتوم اپنی شخصی زندگی میں بہت متحرک اور ملنسار واقع ہوئے ہیں اور ان کے عام شہریوں کی مدد کے واقعات آئے دن میڈیا کی خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں۔
اب سوشل میڈیا کی بدولت تو ان کے ایسے کاموں کی خوب پذیرائی ہوتی ہے۔ایسا ہی ایک واقعہ حال ہی میں رونما ہوا ہے اور اس میں شیخ محمد بن راشد ایک سپر مین کا کردار ادا کرتے ہوئے ایک یورپی خاندان کی ریت میں دھنس جانے والی کار کو نکالتے اور اس کو دوبارہ مرکزی شاہراہ پر چڑھاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ٹویٹر اکاؤنٹ پر دبئی کے حکمراں کی بعض تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں ۔ان میں وہ اس کار کو اپنی گاڑی کی مدد سے مرکزی شاہراہ پر لاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں ۔انھوں نے اس کار میں سوار یورپی خاندان کے تین ارکان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی ہیں۔