اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چیئرمین سینیٹ کیلئے بلوچستان اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے فاٹا کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اورفاٹا کئی سالوں سے احساس محرومی کا شکار ہیں،تحریک انصاف کے ارکان پیپلزپارٹی یا (ن) لیگ کو ووٹ نہیں دینگے ،دونوں جماعتوں کو اب قربانی دینا چاہئے، یہ دونوں پاور میں رہیں ان کے دور میں احساس محرومی بڑھا ہے۔
جمعہ کو تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ہم چیئرمین سینیٹ کیلئے بلوچستان اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے فاٹا اراکین کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا والوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، بلوچستان اورفاٹا کئی سالوں سے احساس محرومی کا شکار ہیں، اس لئے چیئرمین سینیٹ بلوچستان اور فاٹا سے ڈپٹی چیئرمین ہونا چاہئے یہ ان کی قربانیوں کا اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پیپلزپارٹی بھی اس کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک، جہانگیرترین، اسد عمر اور دیگر رہنما فاٹا سینیٹرز سے ملاقات کر رہے ہیں، پی ٹی آئی وفد بلوچستان اور فاٹا سینیٹرز سے اس فیصلہ پر کھڑا رہنے کا کہے گا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ ہمارے سینیٹرز پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کو ووٹ نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اب مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو قربانی دینی چاہئے کیونکہ یہ دونوں جماعتیں ہمیشہ پاور میں رہی ہیں اور انہی کے دور میں احساس محرومی بڑھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم (ن) لیگ کا چیئرمین سینیٹ اس لئے بھی نہیں چاہتے کہ اگر ان کا چیئرمین بن گیا تو پاکستان کو نقصان ہوگا، کہیں یہ اپنے خاندان کو بچانے کیلئے کوئی قانون پاس نہ کردیں، ان لوگوں نے ایک مجرم کو پارٹی کا صدر بھی بنایا ہے۔