گجرات /کوٹلہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سینیٹ انتخابات میں تاریخ رقم کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نہ بکے ٗ نہ جھکے ٗ نہ دھوکہ دیا ٗ ڈٹے اور پیچھے نہیں ہٹے ٗ شاباش ٗ شاباش ٗ ایک فیصلہ عدالتوں اور ایک فیصلہ عوام کی عدالت سے آرہا ہے ٗ دھاندلی اور میچ فکسنگ کرکے نواز شریف کے خلاف فیصلے لینے والوں کے ماتھے پر شکست لکھی ہے ٗ
آپ شور کمپنی رکھنے والا اہل ہوگیا اور جس کی آف شور کمپنی نہیں نکلی وہ نا اہل ہوگیا یہ کیسے انصاف ہے ؟قسمیں کھانے والے جج کے دل میں ملال اور ضمیر پر بوجھ ہے ٗ نوازشریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹا کر کچھ حاصل نہیں ہوگا ٗ نوازشریف کا وزیراعظم ہاؤس عوام کے دل ہیں ٗعوام دلوں سے کیسے نکالو گے ؟پاکستان میں ہر منصوبے پر نوازشریف کا نام ہے ٗ کیا وہ نام مٹا سکتے ہو ؟۔اتوار کو جلسے سے خطاب کے دور ان مریم نواز نے شرکاء کو نواز کے شیرو کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو مریم نواز کا سلام ٗ الحمد اللہ آپ کو سینٹ کی فتح بہت بہت مبارک ہو ٗ مبارک ہو شیرو ٗمبارک ہو ٗ آپ سے آپ کا وزیر اعظم چھین لیا ٗ آپ سے آپ کی جماعت کا نام چھین لیا ٗ آپ سے آپ کی بلوچستان کی حکومت چھین لی ٗ آپ سے آپ کی جماعت کا صدر نواز شریف چھین لیا ٗ آپ سے آپ کا نشان شیر چھین لیا لیکن کیا ہو ا ؟پھر بھی فتح آپ کی ہوئی ٗ اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن)کو فتحیاب کیا اور نوازشریف کو سرخرو کیا ۔انہوں نے کہاکہ جتنی تیزی کے ساتھ انصاف کی عدالتوں سے آپ کے لیڈر نوازشریف اور کروڑوں ووٹروں کیخلاف فیصلے آرہے ہیں اس سے زیادہ تیزی سے عوام کی عدالت سے نوازشریف کے حق میں فیصلے آرہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آپ نے نوازشریف کو ووٹ دیکر وزیر اعظم بنایا تھا ٗجب وزیر اعظم ہاؤس سے آپ کے وزیر اعظم کو نکالا گیاتو سب سے پہلے جی ٹی روڈ پر لاکھوں لوگوں نے فیصلہ سنایا اس کے بعد جب آپ کے لیڈر کو نا اہل کیا تو پھر لودھراں کا فیصلہ آیا
اور اب نوازشریف سے مسلم لیگ (ن)کی صدارت چھین لی پھر اللہ تعالیٰ اور عوام کی طرف سے سینٹ سے فیصلہ آپ کے حق میں آگیا ایک فیصلہ اس عدالت سے آتا ہے اور پھر ایک فیصلہ عوامی عدالت دیتی ہے ۔مریم نواز نے کہاکہ ہر مسلم لیگ (ن)کے ایم این اے اور ایم پی اے کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہوں ٗآپ نے نئی تاریخ قائم کی ہے ٗ آپ نہ بکے ٗ نہ جھکے ٗ نہ دھوکہ دیا ٗآپ ڈٹے رہے اور آپ پیچھے نہیں ہٹے ٗہم سب ملکر مسلم لیگ (ن)کے ہر رکن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
مریم نواز نے کہا کہ لیگی ارکان نے تاریخ بدل ڈالی ٗ کوئی پریشر نہیں لیا ٗ نہ آپ کا ساتھ چھوڑا نہ نوازشریف کا ساتھ چھوڑا ٗسینٹ میں آپ کی جماعت نام چھن جانے کے باوجود سینٹ کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے پھر میری طرف سے ہر کارکن ٗ ہر ممبر اور ہر شیر کو بہت بہت خراج تحسین ٗ شاباش ٗ شاباش ۔انہوں نے کہاکہ جو سینیٹر ز بننے جارہے تھے ان سے مسلم لیگ (ن)کا نام چھین لیا ٗ شناخت چھین لی اور آزاد کر دیا ٗ جیتنے کے بعد انہوں نے کہا ہم نے اپنی آزادی نوازشریف کے قدموں میں نچھاور کر دی ہے ٗ
مسلم لیگ (ن )کا نام اور نشان چھین کر کیا ملا ؟ نواشریف کو صدارت سے الگ کر کے کیا ملا ؟ایسے فیصلے کر نے والوں کو رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا ۔ مریم نواز نے لوگوں سے پوچھا کہ کیا نوازشریف کو صدارت کی ضرورت ہے ٗ اس کا وزیر اعظم ہاؤس عوام کے دل ہیں ٗ وہ عوام کے دلوں میں رہتا ہے وہاں سے کیسے نوازشریف کو نکالیں گے ؟انہوں نے کہاکہ تکبراللہ تعالیٰ کو پسند نہیں ہے اللہ تعالیٰ کو عاجزی پسند ہے ٗکبھی آپ کے نمائندے کو سسلین مافیا کہا گیا ٗ کبھی گارڈ فادر کہا گیا ٗ کبھی ڈان کہاگیا ٗ
صدیق الفاروق صاحب کو اخباریں اکٹھی کر نے والا کہا ٗ کبھی کہا تم کون ہو ٗپیچھے جا کر کھڑے رہیں ٗ کرسی صدا نہیں رہتی ٗ اقتدار صدا نہیں رہتا ٗصدا رہنے والی ذات اللہ تعالیٰ کی ہے ٗ اس سے ڈرو ۔ مریم نواز نے کہاکہ پہلے گواہ قسمیں کھاتے تھے ٗکبھی منصف کو قسمیں کھاتے نہیں دیکھا ٗپہلی دفعہ دیکھا منصف قسمیں کھا رہا ہے ٗ جو جج قسمیں کھا رہے ہیں اس کا مطلب ہے کہ ان کے دل میں ملال اور ضمیر پر بوجھ ہے ٗ ان سے ناانصافی ہوئی ہے جس کا جواب انہیں اللہ اور عوام کے سامنے دینا پڑے گا۔
مریم نواز نے کہاکہ خلق خداکیا کہہ رہی ہے ٗ عوام کے یہ سمندر کیا کہہ رہے ہیں ٗ ہاتھ اٹھا کر بتائیں ٗ ظلم کے ان فیصلوں کو مانتے ہو ٗ بیٹے سے تنخوکاہ نہ لینے کے فیصلے کو مانتے ہو ٗ نوازشریف کو صدارت سے ہٹانے کے فیصلے کو مانتے ہو جس پر نا منظور کے نعرے لگائے گئے ۔ مریم نواز نے کہاکہ دھاندلی اور میچ فکسنگ کرکے نواز شریف کے خلاف فیصلے لینے والوں کے ماتھے پر شکست لکھی ہے ٗانہوں نے اپنے لوگوں کو بھی ووٹ نہیں ڈالے بلکہ پہلے سے شکست تسلیم کرلی ہے ٗ
مسلم لیگ (ن)کے مخالفین کے ماتھوں پر لکھا کہ 2018ء کے انتخابات میں شکست نظر آرہی ہے ٗ آپ شور کمپنی رکھنے والا اہل ہوگیا اور جس کی آف شور کمپنی نہیں نکلی وہ نا اہل ہوگیا یہ کیسے انصاف ہے ؟مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کو اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر وزیر اعظم ہاؤس سے نکال دیا ٗ وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا ٗایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی ۔ مریم نواز نے کہا کہ دنیا کا اصول ہے کہ پہلے الزام لگتا ہے ٗ پھر تحقیقات ہوتی ہیں اور پھر سزا دی جاتی ہے لیکن نواز شریف کے بغض میں انہیں پہلے سزا دے کر نااہل قرار دیا گیا اور اب ثبوت ڈھونڈے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاناما پیپرز کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ایک کے بعد ایک ریفرنس پیش کیا جارہا ہے اور ان میں جتنے بھی گواہان کو عدالت میں پیش کیا گیا ان تمام نے ہی ہمارے حق میں گواہی دی۔مریم نواز نے کہاکہ نیب ریفرنسز کو دائر ہوئے چھ مہینے مکمل ہونے کو ہیں لیکن اب تک نواز شریف اور مجھ پر لگائے گئے الزامات میں سے ایک بھی الزام ثابق نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے انتقام میں اتنی جلدی تھی کہ سزا پہلے سنا دی اور تحقیقات بعد میں ہورہی ہے ٗ ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا کہ نوازشریف پر الزام کیا لگانا ہے ٗایک کے بعد ایک ریفرنس آرہا ہے ۔
مریم نواز نے کہاکہ صدارت اور وزارت عظمیٰ سے نکال دیا ٗکیا کروڑوں دلوں میں نکال سکو گے ؟پاکستان کے ہر بڑے منصوبے ٗچاہے موٹر وے ہو ٗ چاہے سڑکیں ہوں ٗ چاہے بجلی گھر ہو ٗ چاہے وہ اورنج لائن ہو ٗ چاہے میٹرو بس ہو ٗ چاہے سی پیک ہو ٗ ہر منصوبے پر نوازشریف اور شہبازشریف کا نام لکھا ہے ٗکیا پاکستان کی ترقی سے وہ نام مٹا سکتے ہو ۔مریم نواز نے شرکاء سے پوچھا کہ 2013سے پہلے کتنے گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی ٗ اب لوڈشیڈنگ کتنی ہوتی ہے ٗجس شخص نے پاکستان کے اندھیرے مٹائے اور روشنیاں لیکر آیا ان روشنیوں پر نام کیسے مٹاؤ گے ؟
مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف اللہ تعالیٰ کے سوا کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا ٗ اسے کیسے جھکاؤ گے ٗ ؟ انہوں نے کہاکہ نوازشریف آپ کے ووٹ کی حرمت کیلئے کھڑا ہے ٗ اپنے ووٹ کی حرمت ٗ تقدس اور عزت کیلئے نوازشریف کا ساتھ دوگے ؟2018میں جس شخص کے کندھے پر نواز شریف کا ہاتھ ہوگا اس کا ساتھ دوگے نا ں ٗ ترقی کا ساتھ دو گے ناں ٗ ووٹ کی عزت کراؤ گے ناں اس موقع پر شرکاء نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے ۔مریم نواز نے کہاکہ عوام کے ووٹ کی پرچی کو عزت دو ٗ عوام کے نمائندوں کو عزت دو ۔انہوں نے کہاکہ 2018ء کے الیکشن میں یہ حق اپنا لیکر رہنا ۔