واشنگٹن(این این آئی) امریکہ بھر میں شاپنگ مراکز رکھنے والی کمپنیوں والمارٹ اور ڈکس اسپورٹنگ گڈز نے اپنے اسٹوروں پرفلوریڈا میں ایک اسکول پر فائرنگ سے 17افراد کی ہلاکت کے بعد اسلحے کی فروخت پر نئی پابندیاں عائدکردی ہیں۔پورے امریکامیں 600سے زائد اسٹور رکھنے والے ڈکس اسپورٹنگ گڈزنے حملے میں استعمال ہونے والی طرز کی رائفلز کی فروخت بندکردی ہے جبکہ اس نے اسلحے کے استعمال سے قیمتی جانوں
کے ضیاع پر اسلحے کی خرید وفروخت کیلئے مناسب اصلاحات کی بھی حمایت کی ہے۔پورے ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں اسٹوررکھنے والے والمارٹ کمپنی نے اعلان کیاہے کہ اس نے اسلحہ وہتھیار خریدنے کی عمرکی حدمیں اضافہ کردیا ہے اور اب 21سال کی عمروالے ہی اسلحہ خرید سکیں گے۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مارجوری ڈگلس ہائی اسکول میں تدریس کا عمل دوہفتے بعد دوبارہ شروع ہوگیاہے۔ اسی اسکول میں 14فروری کو سابق طالبعلم نے فائرنگ کرکے 17افرادکو ہلاک کردیاتھا۔