اسلام آباد(اے این این) وفاقی دارالحکومت کے بینظیر انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر ایمبو لفٹر گرنے سے تین خواتین سمیت چار مسافر اور ایک لوڈر شدید زخمی ہو گیا۔بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کی پرواز اے کے 615 اسلام آباد سے دبئی روانگی کیلئے تیار تھی اور مسافر طیارے میں سوار ہونے کے لیے جارہے تھے کہ اس دوران مسافروں کو طیارے میں لے جانے والا لفٹر گر گیا۔لفٹر گرنے سے تین خواتین سمیت چار مسافر شدید زخمی ہوئے جبکہ ان کے ساتھ ایک
لوڈر بھی زخمی ہوا جنہیں طبی امداد کے لیے فور طور پر شہر میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں مسافر محمد لطیف، کلثوم بیگم، بلقیس اختر، رفیقہ بی بی اور لوڈر قمر شامل ہیں۔گرنے والے لفٹر کو بھی کرین کی مدد سے موقع سے ہٹایا گیا جبکہ پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوگئی جو اب دن ایک بجے اپنی اڑان بھرے گی۔لفٹر گرنے سے طیارے کا دایاں پر بھی متاثرہوا جبکہ اسے یہاں سے منتقل کر دیا گیا۔