دمشق(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے کہاہے کہ ایران اور شامی حکومت دمشق کے نواحی علاقوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے تاہم وہ اقوام متحدہ کی جانب سے فائر بندی کے فیصلے کا احترم کریں گے۔ بشار حکومت اور تہران کے نزدیک ان علاقوں پر دہشت گردوں کا کنٹرول ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عام طور پر ایران اور شامی حکومت دونوں ہی مسلح شامی اپوزیشن یا شہریوں تک کے خلاف حملوں کے
جواز کے لیے دہشت گردوں کی اصطلاح استعمال کرتے ہیں جیسا کہ دمشق کے نواح میں الغوطہ الشرقیہ کے علاقے میں دیکھا جا رہا ہے۔شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ المرصد کے ڈائریکٹر کے مطابق الغوطہ الشرقیہ میں شامی حکومت کے حملوں کا پھر سے آغاز ہو گیا۔ الشیفونیہ کے علاقے میں دو فضائی حملے ہوئے۔ یہ کارروائی سلامتی کونسل کی طرف سے شام میں جنگ بندی کی توثیق کے چند منٹ بعد سامنے آئی۔