اسلام آباد(سی پی پی) معروف اقتصادی ماہر ڈاکٹر گل فراز نے کہا ہے کہ ترکمانستان ، افغانستان، پاکستان، انڈیا(تاپی)گیس پائپ لائن کا منصوبہ خطے کے ممالک کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ امریکا اس منصوبہ کی جلد تکمیل میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ تاپی منصوبہ امریکا کی سیاسی دلچسپی کا ایک بڑا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تاپی منصوبہ 1995 میں تیارکیا گیا تھا۔
اورموجودہ حکومت اس پر تیزی سے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پانے کے حوالہ سے یہ منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائپ لائن گیس کی ترسیل کا سستا ترین ذریعہ ہے اور اس سے خطے کے ممالک کے باہمی رابطوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ تاپی منصوبہ کے حوالہ سے ایک اور تجزیہ کار مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کا متبادل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ سے نہ صرف توانائی کی قلت کے مسئلہ پر قابو پایاجاسکے گا بلکہ اس سے علاقائی رابطوں میں اضافہ اور سفارتی تعلقات کے استحکام سمیت شراکت داروں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے جو خوش آئند ہے جبکہ دوسرے مرحلے پرکام شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن وامان کی صورتحال کی بہتری کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر ہما بقائی نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ تاپی منصوبہ2020 تک مکمل ہوجائے گااور اس سے پاک بھارت تعلقات کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔