ریاض(این این آئی)سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ برائے قونصلر امور اور ڈائریکٹر جنرل برائے ویزا ایڈمنسٹریشن عبدالرحمان الیوسف نے بتایا ہے کہ گذشتہ سال وزارت نے غیر ملکیوں کو ایک کروڑ بیس لاکھ ویزے جاری کیے تھے۔عرب ٹی وی سے بات چیت میں انھوں نے مزید بتایا کہ ان میں پانچ لاکھ وزٹ ویزے اور پانچ لاکھ کاروباری ویزے تھے۔
کاروباری ویزے دو سال کے لیے کارآمد ہوتے ہیں اور ان پر متعدد مرتبہ سعودی عرب آیا جاسکتا ہے۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی جانب سے گذشتہ ماہ جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق 2017ء کی تیسری سہ ماہی میں 94 ہزار تارکین ِوطن ورکرمملکت سے واپس چلے گئے تھے۔رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کی بھرتی کے لیے 37.8 فی صد ویزوں کا اجراء کیا گیا تھا ۔سعودی حکومت کی جانب سے غیر ہنر مند غیرملکی تارکین وطن پر مختلف محصولات عاید کیے گئے ہیں جس کے بعد وہ وہاں سے آبائی وطن کی راہ لے رہے ہیں۔