لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی و سینئر تجزیہ کار عارف نظامی کا کہنا ہے کہ عمران کے بیٹے تیسری شادی کو قبول نہیں کر رہے ہیں، عارف نظامی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بچے ان کے تیسرے نکاح کو قبول نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عمران خان کی تیسری شادی پرکوئی حیرانی نہیں ہوئی بلکہ ایک بار پھر یہ ڈرامہ رچایا گیا ہے جو پچھلی بار ڈرامہ کیاگیا تھا۔
عارف نظامی نے کہا کہ عمران خان نے پہلے کہا کہ بشریٰ بی بی پردے میں رہتی ہیں اور انہوں نے اس کی شکل بھی نہیں دیکھی ہے۔ سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ عمران خان کے بچے بھی اس شادی کو قبول نہیں کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ جب عمران خان کی دوسری شادی ریحام سے ہوئی تھی تو اس وقت بھی نکاح کو چھپایا گیا اور دوبارہ نکاح بھی مفتی سعید نے پڑھایا تھا، سینئر تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ مجھے اس ڈرامے پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ عمران خان کی بشری ٰ سے تیسری شادی ملکی اور بین الاقوامی میڈیا پر زیر بحث ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بشریٰ مانیکا سے تیسری شادی کرنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ شادی کے موقع پر نیک تمناؤں، دعاؤں اور مبارکباد دینے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے اپنی شادی کے موقع پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے بشریٰ مانیکا سے لاہور میں شادی کر لی ہے، عمران خان کی بہنوں سمیت اہل خانہ میں سے کسی کو بھی نہیں مدعو کیا گیا جبکہ ذرائع یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ عمران خان کی بہنوں نے شادی کی مخالفت کی تھی۔اس موقع پر تحریک انصاف نے نکاح کی تصاویر بھی جاری کر دی تھیں ،عمران خان اور بشریٰ مانیکا کا نکاح پی ٹی آئی کے کور کمیٹی کے رکن مفتی سعید نے پڑھایا جب کہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما زلفی بخاری اور عون چوہدری نکاح کے گواہ بنے۔
پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق شادی کی تقریب لاہور میں بشریٰ مانیکا کے گھر پر منعقد ہوئی جس میں دونوں طرف کے قریبی عزیزو اقارب اور عمران خان کے دوستوں نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کور کمیٹی کے رکن اور عمران خان کے قریبی دوست مفتی سعید نے عمران خان کو بشریٰ مانیکا کا نکاح پڑھایا۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں فواد چوہدری، نعیم الحق اور دیگر نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی ہے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی شادی اتوار کے روز لاہور میں انجام پائی۔انکا کہنا تھاکہ ولیمے کی بڑی تقریب نہیں ہوگی۔