اسلام آباد(آئی این پی/شِنہوا)پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک)کا مغربی روٹ اس سال کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ ان منصوبوں میں پاکستان کے ہزاروں ہنر مند افراد کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ سی پیک ایک گیم چینجر منصوبہ ہے۔ جس سے پاکستان کے عوام کا طرز زندگی بہتر ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے ان کے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔یہ ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں فنی تعلیم اور تربیت کے مسائل زیر بحث آئے۔ جبکہ ہزمند افراد تیار کرنے کے سلسلے میں معاملات پر تفصیل سے غور کیا گیا۔چینی سفیر نے اس موقع پر کہا کہ سی پیک میں پاکستان کے لیے ملازمت کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ اور ان سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔