نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے اہلکاروں میں بھی جنسی زیادتیوں کا سنگین اسکینڈل سامنے آگیا، ایک سابق اہلکار نے اقوام متحدہ عملے اور امدادی کارکنوں پر متاثرین سے زیادتی کے الزامات عائد کردیئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سابق اہلکار انڈریو مک لیوڈ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دہائی میں دنیا بھر میں یو این عملے کے ہاتھوں زیادتی کے 60ہزار واقعات ہوئے ۔
جس میں کمزور خواتین اور بچوں کو امداد کی آڑ میں زیادتیوں کا نشانہ بنایا گیا۔اہلکار کا بتانا تھا کہ بچوں سے جنسی رغبت رکھنے والے 3 ہزار سے زائد افراد مختلف اقوام متحدہ کے اداروں اور ایجنیسیوں میں کام کر رہے ہیں، انڈریو کا کہنا تھا کہ یونیسیف کی ٹی شرٹ پہنی ہو تو کچھ بھی کریں کوئی نہیں پوچھتا۔ان انکشافات پر مبنی ڈوزیئر گزشتہ سال برطانیہ کے محکمہ برائے بین الاقوامی امداد کو بھی فراہم کیا گیا تھا۔