اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) روس کا جیٹ طیارہ معائنے کے لیے پاکستان پہنچ گیا ہے، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے روس سے تین کمرشل ائیر کرافٹ طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے یہ طیارے خریدنے سے قومی ائیر لائن کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا اسی لیے روسی ساختہ یہ جیٹ طیارہ بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچ چکا ہے۔ اس روسی ساختہ جیٹ طیارے کا معائنہ مشیر ہوا بازی مہتاب عباسی اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام کریں گے اور اس معائنہ کے موقع پر روس
کے سفارت خانے کا عملہ بھی ائیر پورٹ پہنچ گیا ہے۔ طیارے کے تفصیلی معائنے کے بعد ہی ان جیٹ طیاروں کی خریداری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ قومی ائیر لائن کو خسارے سے نکالنے کا ایک ہی حل ہے کہ اس کی نج کاری کر دی جائے، ایک طرف تو حکومت اس ادارے کی مبینہ طور پر نج کاری کرنا چاہ رہی ہے تو دوسری طرف سے نئے طیاروں کی خریداری کا معاملہ سامنے آ گیا ہے۔