اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پاکستان میں مشکل میں تو تھے ہی ان کے لیے برطانیہ میں بھی مشکلات میں اضافہ ہونے جا رہا ہے، شریف خاندان کی جائیداد برطانیہ کے نئے قانون کے تحت زد میں آ گئی ہے، نئے قانون کے تحت ایون فیلڈ کی جائیداد کو مشتبہ ملکیت کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ایک موقر قومی اخبار کے مطابق برطانوی حکومت کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پانچ مشتبہ جائیدادوں کی فہرست دی ہے، برطانیہ کے نئے قانون کے تحت اگر شریف خاندان
اس جائیداد کے حوالے سے برطانوی حکومت کو مطمئن نہ کر سکا تو ان کی یہ جائیداد قرق کر لی جائے گی، واضح رہے کہ مشتبہ جائیدادوں کی فہرست میں لندن میں ایون فیلڈ بھی شامل ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے کمیونیکیشن منیجر نے تصدیق کرتے ہوئے برطانوی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کی تحقیق کریں۔ ذرائع کے مطابق منیجر ڈومینک کواکب کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت اس جائیداد سے متعلق جائزہ لے گی اور اگر یہ کرپشن کی آمدنی سے خریدی گئی جائیداد ہوئی تو یہ جائیداد ضبط ہو سکتی ہے۔