اسلام آباد(سی پی پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عدالتی نوٹس پر معافی مانگنے یا جیل جانے کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی،کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ( ن) لیگ ساری کی ساری قید ہو جائے یا پھر نا اہل ہو جائے۔ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدالت کی جانب سے توہین عدالت کا جو نوٹس ملا ہے اس میں کوئی چیز مینشن نہیں ہے کہ یہ کس پریس کانفرنس یا کس تقریر یا کس ویڈیو کلپ
کی وجہ سے ملا ہے، وہ جب مجھے ملے گا اس کے بعد میں اس پوزیشن میں ہوں گا کہ قانونی ماہرین یا اپنے وکیل سے مشاورت کرسکوں۔اس کے بعد میں دیکھوں گا اگر میری کوئی غلطی ہو گی تو اس غلطی کو تسلیم کیا جائے گا۔جیل جانے یا معافی مانگنے سے متعلق سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے کہا کہ چاہے مریم نواز ہوں یا ن لیگ کی لیڈر شپ ہو، جو ان کا فیصلہ ہو گا ہم وہی کریں گے۔ اس سے قبل بھی ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔