ملتان(اے این این) بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزام میں پروفیسر سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بہاالدین زکریا یونیورسٹی کی طالبہ نے بتایا کہ اسے جامعہ کے پروفیسر سمیت 6 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کی شعبہ سرائیکی کی طالبہ نے خواتین داد رسی سینٹر میں درخواست دائر کی ہے
کہ اسے جامعہ کے پروفیسر اجمل مہار سمیت 6افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور واقعے کی ویڈیو بھی موبائل کیمرے میں محفوظ کی، متاثرہ لڑکی کی درخواست پر 6افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جب کہ پروفیسر اجمل مہار سمیت تمام ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پروفیسراجمل مہار نے ابتدائی تفتیش میں بیان دیا ہے کہ میرا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں میرا ڈی این اے ٹیسٹ کرالیا جائے۔لڑکی کے بیان کے مطابق ملزمان نے نازیبا ویڈیو کے ذریعے مجھے بلیک میل کیا، گزشتہ ایک سال سے قاسم بیلہ میں واقع ایک گھر میں لے جاکر ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کیا جاتا ہے۔ طالبہ کے مطابق مرکزی ملزم علی رضا کے پاس 5 موبائل فون ہیں جن میں میری ویڈیوز مل سکتی ہیں۔دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالبہ کی جانب سے جامعہ انتظامیہ کو کوئی درخواست نہیں دی گئی تاہم اگر واقعے میں کوئی بھی طالب علم یا پروفیسر ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف ٹھوس کارروائی کی جائے گی۔