کابل (سی پی پی ) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ملٹری اکیڈمی کے نزدیک موجود فوجی اڈے پر دہشتگردوں کے حملے میں 5افغان سیکورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے ، حملہ کرنے والے پانچ میں سے تین دہشتگرد مارے گئے ،حملے کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے قبول کرلی۔وزارت دفاع کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حملہ میں5افغان سپاہی ہلاک اور 10 زخمی ہوئے ۔ حملہ کرنے والے پانچ میں سے
تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ۔ شدت پسند گروہ کی نیوز ایجنسی اماق کے مطابق یہ حملہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے کیا ۔ اطلاعات کے مطابق ایک حملہ آور کو پکڑ لیا گیا ہے جب کہ ایک حملہ آور اب بھی اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملٹری اکیڈمی کے قریب ہی واقع اس فوجی اڈے سے پیر کی صبح دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور بھاری اسلحے سے لیس تھے۔