اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) رواں مالی سال 2017-18 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران محصولات وصولیوں میں گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 17.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ جولائی سے دسمبر 2017-18 کے دوران ایف بی آر نے 1722 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کئے جو گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے دوران 1466 ارب روپے تھے جو 17.5 فیصد اضافے کو ظاہر کرتے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف
ریونیو 4013 ارب روپے کے سالانہ وصولیوں کے ہدف پر کاربند ہے اور اس نے 1722 ارب روپے وصول کر لئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار نومبر 2017 تک 1305 ارب روپے کے وصول ہونے مجموعی ریونیو اور دسمبر 2017کے لئے 417 ارب روپے کے عبوری اعداد و شمار سے حاصل کئے گئے ہیں۔ گزشتہ عرصہ کے دوران ری فنڈز کی مد میں 58 ارب روپے جبکہ اس سال کے دوران 45 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں جو گزشتہ مالی
سال کے اس عرصہ کے دوران 28 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتے ہیں۔ گزشتہ برس 19 فیصد سالانہ اضافہ کے ساتھ سال کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ دسمبر 2017 کے مہینے کیلئے عبوری وصولیاں 417 ارب روپے رہیں۔ اکائونٹ بک ایڈجسٹمنٹ اس کے علاوہ ہے، جس کی سطح 4 سے 5 ارب روپے ہے جو دسمبر 2016 کے دوران 382 ارب روپے تھیں جو 39 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔ مزید برآں دور افتادہ علاقوں کے خزانوں سے حاصل ہونے والے وصولیوں کے اعداد و شمار سے محصولات کے اعداد و شمار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔