نئی دہلی(سی پی پی ) بھارتی دارالحکومت دہلی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈرون سے مشابہہ چیز نظر آنے پر 20منٹ کے لئے فلائٹ آپریشن معطل کرنا پڑا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو چنئی سے دہلی آنے والی انڈی گو کی پرواز کے پائلٹ نیدہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران فضا میں کوئی چیز اڑتی ہوئی دیکھی ، جس کے باعث صبح ساڑھے 7 بجے سے 7بجکر 50منٹ
تک20منٹ کے لئے فلائٹ آپریشنز معطل کردیئے گئے۔واضح رہے کہ اندارگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھارت کا مصروف ترین ایئرپورٹ ہے جہاں روزانہ تقریبا1200پروازوں کی آمدورفت ہوتی ہے،جبکہ رش کے اوقات میں ہرگھنٹے 70پروازوں کو ہینڈل کیا جاتا ہے،رواں سال اگست میں بھی ڈرون جیسی چیز نظر آنے پر 2 مرتبہ تقریبا2 گھنٹے تک ایئرپورٹ کو بند کرنا پڑا تھا۔