لاہور( این این آئی) کرکٹ کی تاریخ میں سر گیری سوبرز سے لے کر ویراٹ کوہلی تک سینکڑوں بلے بازوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا لیکن چند بلے باز ایسے بھی ہیں جو کریز پر آتے ہی بلے کو گھمانا شروع کرتے تو گیند زمین پر آنے کو ترستی جب کہ بولر انہیں گیند کراتے ہوئے ایک مرتبہ سوچتے ضرور ہوں گے۔ ایسے بلے بازوں کی ایک لمبی فہرست میں سرفہرست قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ نازآل راؤنڈر شاہد آفریدی کا نام آتا ہے جنہیں دنیا بوم بوم کے نام سے یاد کرتی ہے۔
مایہ ناز آل راؤنڈر اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی نے دنیا کا سب سے اونچا چھکا لگانے کے ساتھ ساتھ اب تک دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ 476 چھکے لگائے جو ایک ریکارڈ ہے۔کرکٹ کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے شاہد آفریدی کی وجہ شہرت ان کے زوردار اور لمبے چھکے ہیں جنہیں دیکھ کر عوام ناصرف محظوظ ہوتے تھے بلکہ مخالف ٹیم پر نفسیاتی برتری بھی حاصل ہوجاتی تھی جو میدان میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔مخالف بولرز کا بھرتا نکالنے اور چھکے چھڑانے والے بوم بوم شاہد آفریدی نے بے شمار ریکارڈ اپنے نام کئے۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی اننگز میں ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی، 4اکتوبر 1996میں سری لنکا کے خلاف صرف 37گیندوں کی مدد سے 102رنز بنائے جو اب تک ایک ریکارڈ ہے۔ شاہد آفریدی نے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ 351چھکے لگائے جو دوسرے نمبر پر آنے والے بلے باز سے 81چھکے زیادہ ہے یہ بھی اپنی جگہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔قومی بلے باز نے مختصرکرکٹ ٹی ٹونٹی میں اب تک 73 اور ٹیسٹ میں 52 چھکے لگائے جبکہ تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر ان کے چھکوں کی تعداد 476 ہے اور یہ تعداد دیگر بلے بازوں سے بہت زیادہ ہے۔یوں تو شاہد آفریدی کے درجنوں چھکے ایسے ہیں جو ان کے چاہنے والوں کو ناصرف یاد بلکہ انتہائی پسند ہیں
لیکن اپنی شناخت رکھنے والے 2 چھکے آج تک ایک ریکارڈ ہیں، میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کا وہ چھکا جس پر انہیں 12 رنز ملے تھے اوران کا شکار ہونے والے بولر فلیمنگ تھے۔ اسٹیڈیم پر چھت تھی اور قواعد و ضوابط کے مطابق بلے باز کی جانب سے گیند کو چھت تک پہنچانے والے کے کھاتے میں 12 رنز کا اضافہ کیا جائے گا اور جب شاہد آفریدی نے گیند کو چھت تک پہنچا دیا
توامپائر ہولڈر بھی پریشان تھے کہ 12 رنز کا سگنل کیا دیا جائے لیکن پھر انہوں نے دونوں ہاتھوں کی کلائیاں جوڑ کر کراس بنایا جس کا مطلب کسی کی سمجھ میں نہ آسکا، کرکٹ کے مقتدر حلقوں نے اس اشارے کو 12 رنز کا سگنل کہا جب کہ شائقین کا کہنا ہے کہ امپائر کا اشارہ تھا کہ اب حد ہوگئی شاہد آفریدی کو دونوں ہاتھوں سے پکڑ لو۔ شاہد آفریدی کا ایک چھکا اس وجہ سے مشہور ہے کہ بلے سے لگنے کے بعد گیند وکٹ سے 158 میٹر دور گری جو اب تک ایک ریکارڈ ہے۔