اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے چیئر مین راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کارگل جنگ کا شروع ہونے کے بعد علم ہوا، پاک فضائیہ اور بحریہ کو بھی اس حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق راجہ ظفر ا لحق نے کہا کہ کہا کہ مشرف نے اپنی کتاب میں جو تصویر لگائی ہے وہ کارگل نہیں کیل سیکٹر کی ہے ٗ مشرف نے کارگل کی بجائے کیل کی سڑک پر بریفنگ دی تھی۔ پرویز مشرف نے وادی کیل کی متبادل سڑک بنانے
کی تجویز پیش کی تھی اور وزیر اعظم نے سڑک کیلئے فوری طور پر 10 ارب روپے جاری کر دیئے تھے۔راجہ ظفر الحق نے کہا کہ بغیر بتائے محاذ چھیڑنے پر نواز شریف نے پرویز مشرف کو فون کیا تو پرویز مشرف نے کہا کہ نواز شریف چاہیں تو فوج واپس بلا لیتے ہیں، کارگل محاذ چھیڑنے پر پرویز مشرف اجلاس کو کوئی جواب بھی نہ دے سکے۔راجا ظفر الحق نے کہا کہ پرویز مشرف نے کیل کی سڑک کیلئے 10 ارب دینے پر نواز شریف کو شیر شاہ سوری قرار دیا۔