لندن/پرتھ (این این آئی)بھارتی فکسرز نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کو فکس کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات سے شروع ہونے والے پرتھ ٹیسٹ کو سٹے بازوں نے فکس کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بناتے ہوئے معلومات پر مبنی ڈوزیئر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے حوالے کردیا گیا ہے۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین پریانک سکسینا اور صوبر جوبن نے اسپاٹ فکسنگ کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار پاؤنڈ طلب کیے جبکہ سٹے بازوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارے اشاروں پر ناچتے ہیں۔بھارتی سٹے باز مسٹر بگ نے بتایا کہ میچ سے پہلے بتاؤں گا کہ کس اوور میں کتنے رنز بنیں گے ٗ اس پر رقم لگاؤ اور رقم بھارت میں جمع کرانا ہوگی جب کہ آسٹریلوی کرکٹ میں بھی ہمارا فکسر موجود ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق فکسرز نے بتایا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم میں ان کے ساتھی کا فرضی نام خاموش شخص (سائلینٹ مین) ہے جو ان سے رابطے میں ہے۔فکسر کے مطابق اس نے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا اور خاص طور پر ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ایک آل راؤنڈر کے ساتھ بھی کام کر چکا ہے۔برطانوی اخبار کے مطابق سٹے بازی کے حوالے سے معلومات کا ڈوزیئر آئی سی سی کے حوالے کر دیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے معلومات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ جوبن صوبر بھارتی ریاست کی جانب سے کھیلنے والے سابق کرکٹر ہیں جن کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ دہلی کی ٹیم میں کھیل چکے ہیں۔جوبر صوبر کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ 10 سال سے اپنے ساتھی پریانک سکسینا کے ساتھ فکسنگ کر رہے ہیں جبکہ وہ بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہے ہیں۔ بک میکر اور بزنس مین پریانک سکسینا کے حوالے
سے صوبر جوبن نے بتایا کہ وہ ٹوبیکو (تمباکو) کے شعبے سے وابستہ ہیں جن کا بڑا کاروبار جنوبی افریقہ میں ہے۔جبکہ پریانک سکسینا دہلی کے جنوبی حصے میں اپنا آپریشن چلاتے ہیں جہاں کرپٹ کرکٹرز کی بولیاں لگائی جاتی ہیں۔دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے پرتھ ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنک الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ کی گورننگ باڈی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ سے تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی۔