اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ اور پولیس نے وفاقی حکومت کو دھرنا شرکاء کے خلاف مزید کسی آپریشن یا طاقت کے استعمال سے صاف انکار کر دیا ہے۔ وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال کی زیر صدارت رات گئے ایک اہم اجلاس ہوا جس میں دھرنے کے خلاف دوبارہ منظم انداز میں آپریشن پر غور کیا گیا ۔ اس اجلاس میں وزیر قانون
پنجاب رانا ثناء اللہ کو بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شامل کیا گیا۔ جبکہ اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد، ایس ایس پی ، ڈی سی سمیت دیگر اہم ضلعی افسران شریک تھے۔ دو گھنٹے سر جوڑے رکھنے کے بعد انتظامیہ اور پولیس نے دھرنا ہٹانے کے لئے مزید کسی ایڈونچر سے صاف انکار کر دیا۔ وزیر داخلہ اجلاس میں آپریشن اور صرف آپریشن پر غور کرتے رہے لیکن دیگر شرکاء اجلاس آمادہ نہ ہوئے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس رات11بجے تک جاری تھا اور طے پایا تھا کہ اگر فیصلہ نہ ہوا تو وزیر داخلہ وزیراعظم کو آگاہ کریں گے جس کے بعد حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔