اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نوازشریف کو احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو سے روک دیا گیا، سماءنیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نیب ریفرنسز میں پیشی کیلئے احتساب پہنچے تو میڈیا کے نمائندوں نے ان کو گھیر لیا،اس موقع پر نوازشریف نے میڈیا سے گفتگو کرنا چاہی تو انہیں روک دیا گیا ،رجسٹرار آفس نے عدالتی احکامات سے سابق وزیراعظم کے وکلاء
کو آگاہ کیاکہ احاطہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کی اجازت نہیں ہے جس پر نوازشریف کمرہ عدالت کے اندر چلے گئے۔اس موقع پر ن لیگ کے کارکن ناراض ناراض نظر آئےیاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کارکنوں کو مخالفین کو غیر اخلاقی جواب دینے سے روکتے ہوئے کہا تھا عوام انتخابات میں منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیں گے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف سے جاتی امرا میں انکی رہائش گاہ پر مختلف شہروں سے آنے والے رہنما ؤ ں اور کارکنوں نے ملاقات کی اس موقع پر نوازشریف نے کارکنوں اور پارٹی عہدیداروں کو عام انتخابات کیلئے بھرپورتیاری اور کمر کس لینے کی ہدایت کی ۔پارٹی عہدیداروں سے ملاقات میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے رہنما ؤ ں اور کارکنوں کو مخالفین کوغیر اخلاقی جواب دینے سے روک دیا۔ نواز شریف نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام منفی سیاست کرنیوالوں کو خود مسترد کر دیں گے ۔