اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف نے مقتدر حلقوں سے این آر او حاصل کرنے کے لئے چودھری نثار کی خدمات دوبارہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نواز شریف نے چاروں طرف ناکامیوں مایوسیوں کا منہ دیکھ کر دوبارہ چودھری نثار سے مدد طلب
کی ہے اس مقصد کے لئے نثار اور نواز شریف کے مابین اگلے چند دنوں میں ملاقات بھی متوقع ہے ۔ نواز شریف کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے چودھری نثار نے بھی راولپنڈی میں اپنی خفیہ سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور مقتدر حلقوں سے اپنی ملاقاتیں بھی بڑھا دی ہیں ۔ چودھری نثار دن کی بجائے رات کی تاریکی میں اعلی حکما سے ملاقاتیں کرنے میں مصروف ہیں ۔ چودھری نثار کے فرنٹ پر آنے کے بعد خواجہ آصف ‘ خواجہ سعد اور دانیال عزیز گروپ پس پردہ میں چلا جائے گا اور مریم گروپ کو شرمندگی اٹھانا پڑے گی ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف این آر او حاصل کرنے کی صورت میں مریم نواز کو پس پشت ڈالنے کی بھی حامی بھری ہے ۔ این آر او کے حصول کے لئے شہباز شریف بھی سرگرم ہیں ۔ شہباز شریف اور چودھری نثار اس مقصد کے لئے اپنی خدمات سرانجام دیں گے ۔ سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ چودھری نثار ایک راجپوت کے طور پر سمجھے جاتے تھے لیکن شریف خاندان کی حکم بجا آوری اور خوشنودی کے لئے جو اقدامات کرنے جا رہے ہیں وہ ان کی سیاسی زندگی کے کفن میں آخری کیل بھی ثابت ہو گی ۔