اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے کام کرنے والے ادارے ایرا نے ایک مراسلہ میں کہا ہے کہ انہیں آئی ایس آئی کی طرف سے اطلاع دی گئی ہے کہ مستقبل قریب میں بحیرہ عرب میں ایک بڑا زلزلہ آ سکتا ہے اور اس زلزلے سے پاکستان سمیت کئی ساحلی علاقے متاثر ہونے کا خطرہ ہے اور سرکاری اداروں کو اس کے نقصانات سے بچنے کے لیے فوری تیاری کرنی چاہیے۔ ایرا نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیاہے، اس اجلاس کے لیے جاری
کیے گئے مراسلے میں ایرا کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ آئی ایس آئی نے بحیرہ عرب میں بڑے پیمانے پر زلزلے اور سونامی کی اطلاع دی ہے اور اس سلسلے میں ایرا نے ممکنہ اقدامات کے لیے اپنا ہنگامی اجلاس چھ نومبر کو طلب کر لیا ہے۔ بلائے گئے اس ہنگامی اجلاس میں زلزلے اور سونامی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا اس کے علاوہ اس اجلاس میں متعلقہ اداروں اور محکموں کو ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔