اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) شریف خاندان کی آج احتساب عدالت میں سماعت تھی جو ایک مختصر کارروائی کے بعد 7 نومبر تک ملتوی کر دی گئی، تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سماعت کے دوران سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار ہے، جس پر احتساب عدالت نے سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔ اس موقع پر عدالت نے کہا ریفرنسز یکجا کرنے سے متعلق کارروائی آئندہ سماعت پر ہوگی اور بے شک گواہوں کو بھی نہ بلایا جائے، بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق
اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب عدالتی رجسٹر پر انگوٹھا لگانے کے لیے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے سامنے رجسٹر رکھا گیا تو اس موقع پر انہوں نے دستخط تو کر دیے مگر ہاتھ گندہ ہونے کے خوف سے انگوٹھا لگانے سے انکار کر دیا، اس پر وہاں موجود لیگی وزراء ٹشو پیپرز ڈھونڈنے میں مصروف ہو گئے اور آخر کار وہ تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے، اس موقع پر وہاں موجود طارق فضل چودھری نے نواز شریف سے کہا کہ عدالتی کارروائی کے لیے انگوٹھا لگانا ضروری ہے جس پر میاں محمد نواز شریف نے رجسٹر پر انگوٹھا لگا دیا۔