ممبئی (این این آئی)ہندوستان کے متنازع اور خود ساختہ فلمی تجزیہ کار کمال خان نے ٹویٹر اکاؤنٹ بند کیے جانے کیخلاف خود کشی کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔ انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق کمال آر خان جنھیں عرف عام میں کے آر کے سے جانا جاتا ہے کا ٹویٹر اکاؤنٹ بالی ووڈ سپر سٹار عامر خان کی شکایت پر بند کیا گیا
ہے۔ ہوا کچھ یوں کہ موصوف کمال خان جو سوشل میڈیا پر اپنی خود ساختہ تجزیہ کاری اور ہر معاملے میں ٹانگ اڑانے کے حوالے سے کافی بدنام ہیں نے عامر خان کی فلم سیکرٹ سپر سٹار پر بات کرتے ہوئے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’’ اگر آپ اچھے والد نہیں ہیں اور آپ کے والد بھی اچھے باپ نہیں تھے، جس کی آپ نے کبھی عزت نہیں کی تو برائے مہربانی یہ نہ کہیں کہ ہم اپنے بچوں سے پیار نہیں کرتے‘‘۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ٹویٹ کے بعد عامر خان کی جانب سے ٹویٹر حکام کو کمال آر خان کی شکایت درج کروائی گئی جس کی وجہ سے ان کا اکاؤنٹ بند کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام پر کمال خان اس قدر سیخ پا ہیں کہ انہوں نے خود کشی کرنے کی دھمکی دیدی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹویٹر انتظامیہ نے ان پر لاکھوں روپے کا جرمانہ کیا اور اب اچانک میرا اکاؤنٹ بند کر دیا گیا ہے۔ میں اس اقدام سے سخت ذہنی دباؤ میں ہوں۔ اگر ٹویٹر انتظامیہ نے میرا اکاؤنٹ بحال نہ کیا تو میں خود کشی کر لوں گا اور آپ لوگ ہی میری موت کے ذمہ دار ہونگے۔