نئی دہلی (آئی این پی)افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی اپنے ایک روزہ دورہ ہندوستان میں منگل کی صبح دارالحکومت نئی دہلی پہنچے جہاں انھوں نے راشٹر پتی بھون میں ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند سے ملاقات کی۔انھوں نے حیدرآباد ہاؤس میں ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور اسی طرح وزیر خارجہ سشما سوراج سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقات کی
۔ان ملا قاتوں میں دو طرفہ تعلقات و تعاون نیز دونوں ملکوں کی دلچسپی کے مختلف مسائل و موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔افغانستان اور ہندوستان کے تعلقات کافی دوستانہ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں خوشگوار تعاون بھی جاری ہے تاہم افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے نئی دہلی کا یہ ایک روزہ دورہ ایسی حالت میں کیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ ٹلرسن پاکستان کے دورے کے بعد ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ایسے وقت میں جب امریکی وزیرخارجہ بھی بھارت کا دورہ کررہے ہیں افغان صدر اشرف غنی کے اچانک بھارت پہنچنے نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ بھارت کو افغانستان میں اہم کردار سونپ چکاہے اور پاکستان کے دورے میں ہونے والی گفتگو اور پاکستان کے جواب پر سہ فریقی ملاقاتوں میں غور کیاجائے گا اور نئی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔