اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو وائٹ واش کر دیا، پاکستان نے پانچواں ون ڈے 9 وکٹوں سے جیت لیا، تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر یہ فیصلہ انہیں راس نہ آیا، اس کے پہلے پانچ کھلاڑی خزاں کے پتوں کی طرح یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔
عثمان خان شنواری نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور عثمان خان نے اپنے پہلے ہی اوور میں چندیمل اور سمارا وکراما کو آؤٹ کر دیا اس کے بعد انہوں نے اپنے دوسرے ہی اوور میں اپل تھرنگا اور ڈک ویلا کو بھی آؤٹ کر دیا، اس وقت سری لنکا کا سکور 8 رنز تھا اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے، سری لنکا کے مجموعی سکور 20 رنز پر عثمان خان نے ان کے پانچویں کھلاڑی سری ورداھنا کو آؤٹ کر دیا، عثمان خان نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور حسن علی اور شاداب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور سری لنکا کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ اس طرح سری لنکا کی ٹیم 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے جواب میں پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا اور فخر زمان 48 رنز بنانے کے بعد پاکستان کے مجموعی سکور 84 پر آؤٹ ہو گئے، امام الحق نے 45 رنز بنائے اور فہیم اشرف نے 5 رنز بنائے، دونوں کھلاڑی ناٹ رہے پاکستان نے 21 ویں اوور میں فتح حاصل کر لی، پاکستان کے عثمان خان کو بہترین باؤلنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔