لندن،اسلام آباد (آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف نیب کیسز کا سامنا کرنے کے لئے لاہور کے بجائے عمرے کے ادائیگی کے لئے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں پر وہ اہم رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اچانک پاکستان آنے کے بجائے سعودیعرب کے دورہ پر روانہ ہوگئے ہیں جہاں پر وہ جدہ ائیر پورٹ سے سیدھا اپنے صاحبزادے حسن نواز کے رہائش گاہ پر روانہ ہوگئے
نواز شریف مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی بھی کریں گے اور اس کے علاوہ ان کی سعودی عرب میں اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں ۔دریں اثنامسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو پارٹی صدارت سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیدیا۔تین نومبر کو پارٹی اجلاس میں اہم فیصلہ متوقع ہے۔سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے باہمی مشاورت کیساتھ درجنوں لیگی رہنماؤں سے مشاورت کی ہے جس کے پیش نظر لیگی رہنماؤں نے پارٹی کوبچانے کیلئے میاں نوازشریف کو مسلم لیگ (ن) کی صدارت سے مستعفی ہونے کا مشورہ دیا ہے۔تمام لیگی رہنماؤں کے پیغامات لندن میں میاں نوازشریف کو پہنچا دیئے گئے ہیں اس حوالے سے نوازشریف نے بھی اپنے رفقاء سے مشاورت کرلی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ شہبازشریف کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کے ایم پی ایز کا ایک اہم اجلاس بلایا جائے تاکہ ان کی رائے بھی لی جاسکے۔ معلومات کے مطابق تین نومبر کو ہونیوالے پارٹی اجلاس میں نوازشریف پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔