ہفتہ‬‮ ، 04 جنوری‬‮ 2025 

اپنے منہ پر تھپڑ

datetime 19  اکتوبر‬‮  2017
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مارک روٹ تیسری بار نیدر لینڈ (ہالینڈ) کے وزیراعظم منتخب ہوئے‘ یہ ہالینڈ کی سیاسی جماعت ”پیپلز فار فریڈم اینڈ ڈیموکریسی“ سے تعلق رکھتے ہیں‘ پارٹی نے 2010ءکے الیکشنوں میں اکثریت حاصل کر لی‘ مارک روٹ کو وزیراعظم نامزد کر دیا گیا لیکن مارک روٹ کے پاس ایوان میں مطلوبہ تعداد میں ارکان موجود نہیں تھے لہٰذا یہ کرسچین ڈیموکریٹس اور پارٹی فار فریڈم کے ساتھ مشترکہ حکومت بنانے پر مجبور ہوگئے‘

حکومت بنی‘ یہ وزیراعظم بن گئے مگر 2012ءکے بجٹ کے دوران اتحادیوں سے ان کے اختلافات پیدا ہو گئے‘ کولیشن ٹوٹ گئی‘ حکومت ختم ہو گئی‘ نئے الیکشن ہوئے‘ قوم نے مارک روٹ کو فریش مینڈیٹ دے دیا‘ یہ دوسری بار2012ءمیں وزیراعظم بن گئے‘ حکومت نے مدت پوری کی‘ مارچ 2017ءمیں الیکشن ہوئے اور قوم نے ایک بار پھر مارک روٹ کو مینڈیٹ دے دیا یوں یہ تیسری بار وزیراعظم بن گئے لیکن یہ اس بار بھی اتحادی وزیراعظم ہیں‘ حکومت کی اتحادی جماعتیں اہم وزارتیں حاصل کرنا چاہتی ہیں‘ مارک روٹ انہیں یہ وزارتیں نہیں دینا چاہتے چنانچہ ہالینڈ میں حکومت بحران کا شکار ہے‘ وزیراعظم سات ماہ میں کابینہ کا فیصلہ نہیں کر سکے‘ حکومت کابینہ کے بغیر چل رہی ہے‘ میں آپ کویہاں یہ بھی بتاتا چلوں ہالینڈ میں بھی یورپ کے دوسرے ممالک کی طرح شاہی نظام ہے‘ اس ملک میں بھی علامتی بادشاہ موجود ہے‘ یہ بادشاہ اور اس کاخاندان بے اختیار ہیں‘ یہ اپنی مرضی سے تنکا تک نہیں توڑ سکتے‘ حکومت مکمل آزاد اور خود مختار ہے لیکن اس خود مختاری اور آزادی کے باوجود وزیراعظم بادشاہ سے اپنا تقرر نامہ حاصل کرتا ہے‘ یہ کابینہ کی منظوری کےلئے بھی بادشاہ کی ہاں کا پابند ہے تاہم یہ منظوری بھی علامتی ہوتی ہے‘ بادشاہ کابینہ میں کوئی کمی یا بیشی نہیں کر سکتا۔میں مارک روٹ کی طرف واپس آتا ہوں‘ مارک روٹ نے 10 اکتوبر 2017ءکو اپنی

کابینہ کا فیصلہ کر لیا‘ یہ عمل 14 اکتوبر کو مکمل ہوا‘ وزیراعظم نے کابینہ کی فائل بنائی‘ فائل پلاسٹک کے لفافے میں رکھی‘ اپنی ذاتی سائیکل نکالی‘ سائیکل پر بیٹھا اور شاہی محل کی طرف روانہ ہو گیا‘ وزیراعظم کے ساتھ سیکورٹی کی گاڑی تو رہی دور سیکورٹی کا ایک موٹر سائیکل اور سائیکل تک نہیں تھا‘آپ کو یقینا معلوم ہوگا دنیا میں سب سے زیادہ سائیکل ہالینڈ میں ہیں‘ ہالینڈ کی آبادی ایک کروڑ70 لاکھ ہے اور سائیکل ایک کروڑ69 لاکھ ہیں گویا ملک میںسو فیصد لوگوں کے پاس سائیکل ہے‘

یہ دنیا کے ان چند ملکوں میں شمار ہوتا ہے جن میں چھوٹی بڑی شاہراہوں کے ساتھ سائیکل سواروں کےلئے الگ سڑکیں بنی ہیں‘ ایمسٹرڈیم میں سائیکل کی درجن بھر پارکنگ لاٹس موجود ہیں‘ ہالینڈ اٹریکٹ شہر میں دنیا کا سب سے بڑا سائیکل پارکنگ لاٹ بنا رہاہے اس میں12 ہزار 500 سائیکلیں پارک ہوسکیں گی‘ ملک میں معذوروں اور پاگلوں کے علاوہ ہر شخص سائیکل چلاتا ہے‘ میں بھی تین بار ہالینڈ میں سائیکل چلا چکا ہوں‘ میں نے ایک بار کرائے پر سائیکل لی اور میں ایمسٹرڈیم کے مضافات میں پھولوں کے فارمز میں چلا گیا‘

یہ فارم ہاﺅسز میلوں پر محیط تھے‘ میری نظر کی حد تک ٹیولپ کے سرخ‘ پیلے اور نارنجی پھول تھے اور میں پھولوں کے درمیان سائیکل چلا رہا تھا‘ وہ میری زندگی کا شاندار ترین تجربہ تھا‘ میں نے دوسرا شاندار تجربہ بھی ہالینڈ ہی میں کیا‘ میں نے ایک رات ”بوٹ ہاﺅس“ میں گزاری‘ ایمسٹرڈیم میں کشتیوں کے گھر ہیں‘ یہ بوٹ ہاﺅس نہروں میں کھڑے رہتے ہیں‘ میں نے ایک رات کےلئے بوٹ ہاﺅس کرائے پر لیا اور پوری رات عرشے پر بیٹھ کر گزار دی‘ وہ بھی ایک شاندار تجربہ تھا۔

میں ایک بار پھر مارک روٹ کی طرف واپس آتا ہوں‘ مارک روٹ 14 اکتوبر کو وزیراعظم آفس سے نکلا‘ سائیکل پر شاہی محل پہنچا‘ سائیکل محل کے ڈرائیو وے میں پارک کی اور شاہ ولیم الیگزینڈر کے دربار میں حاضر ہو گیا‘ بادشاہ سے کابینہ کی منظوری لی‘ اپنی سائیکل کھولی اور دوبارہ سائیکل چلاتا ہوا واپس وزیراعظم آفس آ گیا‘ مارک روٹ ایمسٹرڈیم میں اپنے فلیٹ میں رہتا ہے‘ یہ روز سائیکل پر دفتر جاتا اور واپس آتا ہے‘ ایمرجنسی ہو تو یہ ٹرام‘ بس یا ٹیکسی استعمال کر لیتا ہے‘

یہ سرکاری گاڑی صرف سرکاری تقریبات کے دوران استعمال کرتا ہے‘ یہ ملک کے باہر بھی ایمبیسی کے اندر رہتا ہے اور وہاں بھی غیر ضروری پروٹوکول نہیں لیتا۔مارک روٹ ہمارے جیسے ممالک کےلئے تھپڑ کی حیثیت رکھتا ہے‘ ہم 21 کروڑ لوگ ہیں‘ ہمارا جی ڈی پی 300بلین ڈالر اور برآمدات 20 بلین ڈالر ہیں جبکہ ہالینڈ کی آبادی ایک کروڑ70 لاکھ ‘ جی ڈی پی 800بلین ڈالر اور برآمدات 570بلین ڈالر ہیں‘ ہماری قائد اعظم یونیورسٹی دو ہفتوں سے بند پڑی ہے جبکہ ہالینڈ کی 10یونیورسٹیاں دنیا کی دوسو بڑی یونیورسٹیوں میں شمار ہوتی ہیں‘یہ یونیورسٹیاں دونوں عالمی جنگوں کے دوران بھی کھلی رہیں‘

استاد اور شاگرد دونوں یونیورسٹی آتے رہے۔ یہ ملک دنیا میں پھول‘ ڈیری مصنوعات اور سڑک بنانے کی تکنیکس بیچ بیچ کر امیر ہوتا جا رہا ہے جبکہ ہم تربوز‘ انگور‘ ناشپاتی اور سبزیاں بھی چین سے منگوا رہے ہیں‘ ہالینڈ کی صرف پھولوں کی برآمد ہماری کل برآمدات کے برابر ہے‘ ایمسٹرڈیم شہر میں ایک مہینے میں اتنے سیاح آتے ہیں جتنے ہمارے ملک میں دس سال میں نہیں آتے اور یہ ملک اگر صرف اپنی ہیرے تراشنے کی صنعت فروخت کر دے تو یہ پاکستان کے سارے اندرونی اور بیرونی قرضوں کے برابر رقم حاصل کر لے گا لیکن اس کا وزیراعظم سائیکل پر سیکورٹی کے بغیر دندناتا پھرتا ہے جبکہ ہمارے حکمرانوں کے بچے تک دس دس بیس بیس گاڑیوں کے قافلوں میں شاپنگ کرتے ہیں‘

مریم نواز اور کیپٹن صفدر کرپشن کے مقدمات بھگت رہے ہیں‘ آپ کبھی ان کی سیکورٹی دیکھ لیجئے‘ حمزہ شہباز صرف ایم این اے ہیں‘ آپ کبھی ان کا قافلہ دیکھ لیجئے‘ ان کے ساتھ پولیس‘ رینجرز‘ ایلیٹ اور سپیشل برانچ کے سو اہلکار ”موو“ کرتے ہیں‘ میاں برادران کے خاندان کی دیگر خواتین اورحضرات کو بھی یہ سہولت حاصل ہے‘ آپ کبھی مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر اور داماد راحیل منیر کی سیکورٹی بھی دیکھ لیجئے‘ آپ حیران رہ جائیں گے‘ بلاول بھٹو زرداری‘ بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو بھی پوری شان و شوکت کے ساتھ باہر نکلتی ہیں‘

آپ کسی دن تینوں افواج کے سربراہان‘ آئی جی حضرات اور وفاقی سیکرٹریوں کی سیکورٹی بھی دیکھ لیجئے‘ آپ کا سر شرم سے جھک جائے گا‘ ہالینڈ کے وزیراعظم کے پاس سرکاری جہاز نہیں‘ یہ مسافربردار جہازوں میں سفر کرتے ہیں یا پھر ٹرین کے ذریعے یورپ کے مختلف ملکوں کے دوروں پر جاتے ہیں جبکہ ہمارے چاروں وزراءاعلیٰ کے پاس بھی سرکاری جہاز اور ہیلی کاپٹرز ہیں‘ میں نے آج تک پاکستان کے کسی وزیراعلیٰ کو ملک کے اندر پی آئی اے کے ذریعے سفر کرتے نہیں دیکھا‘

یہ ذاتی مصروفیات‘ بچوں کی منگنی اور شاپنگ کےلئے بھی سرکاری جہاز پر لاہور‘ کراچی اور اسلام آباد جاتے ہیں‘ ہمارے وزراءاعلیٰ‘ گورنرز اور وزراءبھی بادشاہوں کی طرح باہر نکلتے ہیں‘ یہ سیکورٹی کے نام پر دس دس بیس بیس گاڑیوں کے قافلے انجوائے کرتے ہیں اور یہ سارا تام جھام اس ملک میں ہو رہا ہے جس کے بانی اور پہلے گورنر جنرل قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ سیکورٹی کی صرف ایک جیپ ہوتی تھی اور اس میں بھی ایک ڈی ایس پی اور ایک پولیس کانسٹیبل ہوتا تھا‘

ملک کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان وزیراعظم ہاﺅس کا دروازہ خود کھولتے تھے‘ ملک میں اس وقت چینی کا کوٹہ ہوتا تھا‘ وزیراعظم ہاﺅس کا کوٹہ بیس بائیس تاریخ کو ختم ہو جاتا تھا اور اس کے بعدوزیراعظم اور ان کے مہمان آٹھ دن تک پھیکی چائے پیتے تھے‘ شہادت کے بعد خان لیاقت علی خان کی شیروانی اتاری گئی تو ملک کے پہلے وزیراعظم کے تن پر کرتا نہیں تھا وہ بنیان میں ملبوس تھے اور بنیان میں بھی سوراخ تھے‘ لیاقت علی خان کرنال کے نواب تھے‘

وہ سینکڑوں مربع زمین کے مالک تھے لیکن وہ جب فوت ہوئے تو پورے ملک میں ان کا کوئی مکان نہیں تھا چنانچہ حکومت ان کے سامان اور بچوں کو ”پارک“ کرنے کےلئے ان کی اہلیہ بیگم رعنا لیاقت علی خان کو مارک روٹ کے ملک ہالینڈ میں سفیر لگانے پر مجبور ہو گئی‘ بیگم صاحبہ سفارت سے واپسی پر بھی کرائے کے مکانوں میں رہتی رہیں‘ لیاقت علی خان کے پوتے آج بھی جنید صفدر اور راحیل منیر کے ملک میں غربت کی زندگی گزار رہے ہیں‘ یہ آج بھی ہر قسم کی مراعات سے محروم ہیں‘

راجہ صاحب محمود آباد پاکستان کی بانی کلاس اور محسن تھے‘ یہ بھی اپنی ریاست چھوڑ کر پاکستان آئے تھے‘ یہ کابینہ کا حصہ تھے‘ یہ کسی تقریب میں لیٹ پہنچے‘ لوگوں نے اعتراض کیا تو جواب دیا ”بس کے بس میں تھا‘ بس آئی تو بس میں آگیا“ وہ بس پر تقریب میں پہنچے تھے‘ بس لیٹ ہو گئی تھی چنانچہ وفاقی وزیر بھی لیٹ ہو گئے‘ راجہ صاحب محمود آباد نے جلد ہی اندازہ لگا لیا اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں وہ کلاس سامنے آ رہی ہے جس کے طرز رہائش پر کافر بھی توبہ توبہ کیا کریں گے چنانچہ وہ پہلے کراچی سے لندن شفٹ ہوئے اور پھر انہوں نے بھارت میں گم نام زندگی گزار دی لیکن یہ آج بھی تاریخ کے صفحوں سے نکل کر ہم سے پوچھ رہے ہیں آپ نے راجہ صاحب محمود آباد‘ لیاقت علی خان اور قائداعظم کے ملک کو کیا بنا دیا‘ کیا یہ وہی ملک تھا جس کا خواب بانی کلاس نے دیکھا تھا؟

اسلام میں برابری‘ عاجزی اور سادگی کو ایمان کا درجہ حاصل ہے لیکن قائد اعظم کے اس ملک میں یہ تینوں چیزیں عنقا ہیں‘ ہمارے ملک میں لوگ جوں جوں اوپر جاتے ہیں یہ برابری‘ عاجزی اور سادگی تینوں نعمتوں سے محروم ہوتے جاتے ہیں‘ یہ فرعون بنتے جاتے ہیں‘ ایک ایسا فرعون جو جائے نماز بھی ذاتی جیب سے نہیں خریدتا سرکاری رقم سے لیتا ہے‘ کاش ہم کسی دن سائیکل پر بیٹھے مارک روٹ کی تصویر دیکھیں پھر اپنے حکمرانوں کو دیکھیں اور پھر اپنے منہ پر تھپڑ ماریں‘ کیوں؟ کیونکہ ہم اس سلوک کو ڈیزرو کرتے ہیں۔



کالم



غرناطہ میں کرسمس


ہماری 24دسمبر کی صبح سپین کے شہر مالگا کے لیے فلائیٹ…

پیرس کی کرسمس

دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…

صدقہ

وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…

کرسمس

رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…