اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ نئے چیئرمین نیب کے نام پر حکومت اور اپوزیشن نے اتفاق کیا، اللہ کرے وہ منصب پر بیٹھ کر عوام کے ساتھ انصاف کریں، عزیر بلوچ کا تعلق پی پی سے تھا اور اس کے کہنے پر ایم پی اے اور ایم این اے کے ٹکٹ دیئے گئے۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے چیئرمین نیب پر بھاری ذمہ داری عائد ہو چکی ہے، حکومت اور اپوزیشن نے مل بیٹھ کر ان کے نام پر اتفاق کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ
عزیر بلوچ کا تعلق پی پی سے تھا، اس کے کہنے پر صوبائی اور قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کے لئے ٹکٹ تقسیم کئے گئے، اس نے کئی مرتبہ کہا ہے کہ اسے سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا اور پی پی کی رہنما فریال تالپور ملنے کے لئے وقت لے کر گھر آتے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب عدالت ماتحت ہے اس کے اوپر مانیٹر بٹھا دیا گیا ہے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ ہم سی پیک منصوبے کو نہیں بننے دیں گے، ہمیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ بلی تھیلے سے کب باہر آئے گی، اب بلا باہر آ گیا ہے۔