کراچی (آئی این پی)کراچی میں شدید گرمی کی لہر شروع ہوچکی ہے اور پارہ 40 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق کراچی میں موسم گرما سال میں دوبار آتا ہے جس کی وجہ سے مئی اور جون کے بعد اکتوبر میں بھی گرمی پڑتی ہے۔محکمہ موسمیات کے 30 سالہ رکارڈ کے مطابق ماہ اکتوبر کا نارمل درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہتا ہے۔تاہم ہفتے کے روز سے ہی گرمی کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے
اور اس دوران درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے اور گرمی کی لہر 5 سے 6 روز تک برقرار رہ سکتی ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 12 سے ایک بجے کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم شام کے اوقات میں موسم میں قدرے بہتری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر کے درجہ حرارت کو قابو رکھنے والی سمندری ہواؤں کا رخ بھی تبدیل ہونے کی پیش گوئی کی ہے جس کی وجہ سے شمالی علاقوں سے خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر سے ہلکی سردی کراچی میں دستک دے گی جب کہ دسمبر اور جنوری زیادہ سرد ہوں گے۔محکمہ موسمیات کے حکام نے شدید گرمی میں شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب طبی ماہرین نے بھی گرمی شدت بڑھنے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق گرمی میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں اور دھوپ میں سرڈھانپنے کے ساتھ چھتری کا بھی استعمال کریں۔طبی ماہرین نے کہا ہے کہ گرمی میں ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، مشروبات زیادہ استعمال کریں اور ہیٹ ویو کی صورت میں پانی کا زیادہ استعمال کریں۔