کراچی(این این آئی)ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا اصولی فیصلہ کرلیاہے، شاہ محمود قریشی کو نیا قائد حزب اختلاف منتخب کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق منگل کوپاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پی ٹی آئی کاوفد ایم کیوایم مرکزبہادرآباد پہنچا۔ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں نے وفد کا استقبال کیا۔
پی ٹی آئی کے وفد میں اسدعمر، عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی اور دیگر شامل تھے۔دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نئے نام اور سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف مضبوط اپوزیشن بنانے پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی اورایم کیوایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی کیلئے دیگرجماعتوں سے بھی رابطے کئے جائیں گے اور بہت جلد موجودہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے خلاف ایوان میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔ ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کا اصولی فیصلہ کرلیا ذرائع کے مطابق ملاقات میں شاہ محمود قریشی کو نیااپوزیشن لیڈر بنانے پرآمادگی کا اظہار کیا گیا ہے، پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان شاہ محمود قریشی کو نیا اپوزیشن لیڈر بنانے میں مدد کرے۔ملاقات میں ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، امین الحق، کامران ٹیسوری، وسیم اختر کنور نوید جمیل، خالد مقبول صدیقی اورعلی رضاعابدی شامل تھے۔