اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر ایجنسی میں افغان حدود سے کئے جانیوالے حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ہوگئے ان کی عمر 22سل تھی اور وہ 3 بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے ۔ان کی شہادت کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ایسی تصویرتیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ فیس بک مسینجر پر کسی سے گفتگو کر رہے ہیں اور اس گفتگو میں وہ جس طرح اپنے دل کی بات کہتے ہیں، دیکھ کر آپ کی آنکھیں بھی نم ہو جائیں گی۔
یہ پوسٹ ”پاکستان ملٹری فورسز“ نامی پیج کی جانب سے کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لیفٹیننٹ ارسلان دوسری جانب موجود شخص کو کہہ رہے ہیں کہ ”کچھ نہیں، بس آپریشن کی تیاری ہے۔“اس پر دوسری جانب سے پیغام موصول ہوتا ہے کہ ”نا جی۔۔۔؟ آپ بھی کر لیتے ہو آپریشن۔۔۔؟“ اس پر لیفٹیننٹ ارسلان کہتے ہیں ”نہیں صاحب۔۔۔ ہم کہاں، شہید ہونے آئے ہیں، گولی کا انتظار ہے۔“لیفٹیننٹ ارسلان کی جانب سے شہادت کے جذبے کا اظہار کئے جانے اور گولی کے انتظار کی بات کرنے پر دوسری جانب سے پیغام موصول ہوتا ہے کہ ”ہاہاہاہاہاہا۔۔۔! سینٹی (جذباتی) نہ ہو، کام کرو جا کے۔“یہ پوسٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ارسلان عالم شہید کو خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔